کمٹہ :28؍ جون(ایس اؤ نیوز)21جون 2022کو کمٹہ کے سرکاری بس اسٹانڈ میں بس میں چڑھنے والی عورت کے بیگ سے 124 گرام سونے کے زیورات اور 50ہزارروپئے نقد لےکر فرار ہونے والےتین ملزموں کوچوری کردہ اشیاء کے ساتھ گرفتار کرنے میں کمٹہ پولس کامیاب ہوگئی ہے۔
ملزموں کی شناخت بنگلورو اتی بیلے کے مکین آدی یما تروپتی (42)، وینکٹما تروپتی اور للتا ناگراج (32) کے طور پر کی گئی ہے۔ متعلقہ ملزموں سے چوری کئےگئےسبھی سونےکے زیورات اور 6030روپئے ضبط کرلئے گئےہیں۔
محکمہ پولس کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق بھٹکل تعلقہ کائی کنی کی مکین منگلا رام چندر سانے 21جون 2022 کو کمٹہ کے بس اسٹانڈ میں بھٹکل جانے والی بس میں چڑھنے کی تیاری میں تھی ، عین اسی وقت ایک چور منگلا کے بیگ سے 124 گرام وزنی سونے کے زیورات اور 50ہزارروپئے نقد لے کر فرار ہوگیاتھا۔ منگلا نےمعاملے کو لےکر کمٹہ کے شہری پولس تھانےمیں شکایت درج کرائی تھی۔
کمٹہ پولس کیس درج کرلینے کے بعد ضلع ایس پی ڈاکٹر سمن پنیکر ،ایڈیشنل ایس پی بدری ناتھ ایس، بھٹکل ڈی وائی ایس پی بیلی اپا کی رہنمائی میں کمٹہ پولس تھانہ انسپکٹر تمپا نائک کی قیادت میں پولس ٹیم ملزموں کی تلاش میں جٹ گئی تھی۔ 28جون 2022کو متعلقہ پولس ٹیم نے ملزموں کو گرفتار کرنےمیں کامیاب ہوئی ہے۔ کارروائی میں کمٹہ پولس تھانہ کے افسران شریمتی پدما دیول ، نوین ایس نائک سمیت عملہ شریک تھا۔